تمام تحصیل ہسپتالوں کو آئی ایس او سرٹیفائیڈ کروانے کی ہدایت
ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مکمل موجودگی اور حاضری بھی یقینی بنائی جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودری نے تمام تحصیل ہسپتالوں کو فوری طور پر آئی ایس او سرٹیفائیڈ کروانے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف شہزاد ورک کو بریفنگ اجلاس میں جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئی ایس او سرٹیفائیڈ رجسٹریشن کے لیے فوری طور پر ورکنگ شروع کی جائے اور ہر سرکاری ہسپتال میں ادویات کی سو فیصد دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مکمل موجودگی اور حاضری بھی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو بلا تعطل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نے مریم نواز ہیلتھ کلینک، ای پی آئی پروگرام، حالیہ پولیو مہم اور محکمہ صحت کے دیگر اہم اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں مختلف ہسپتالوں کی موجودہ کارکردگی، اسٹاف کی تعیناتی اور طبی سہولیات کی دستیابی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔