کلورکوٹ: پھل، سبزی اور برائلر مہنگا ، غریب پریشان
کلورکوٹ: پھل، سبزی اور برائلر مہنگا ، غریب پریشان زندہ مرغیاں مہنگی ملتی ہیں ،مال سستا فراہم کیا جائے تاکہ سستا بیچ سکیں: دکاندار
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا )کلورکوٹ شہر اور بڑے قصبات میں ماہِ مقدس کے آغاز سے اب تک پھلوں، سبزیوں اور برائلر گوشت کے نرخوں میں کمی نہ آ سکی۔ مقامی انتظامیہ نے میڈیا کی بار بار نشاندہی کے بعد ایک دن کوشش کی تو برائلر گوشت اور پھل سبزیاں سرکاری نرخوں پر فروخت ہوئے ، تاہم اگلے دن دوبارہ اوورچارجنگ شروع ہو گئی۔ ٹماٹر، مٹر، سبز مرچ، سیب، کیلا، امرود سمیت دیگر پھل اور سبزیاں مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 446 روپے فی کلو ہے ، لیکن کلورکوٹ میں کہیں یہ 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔برائلر گوشت بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں زندہ مرغیاں مہنگی ملتی ہیں اور گاہک اچھے اور صاف گوشت کا مطالبہ کرتا ہے ، اس لیے سرکاری نرخ پر بیچنے میں نقصان ہوتا ہے ۔ کچھ بیچنے والے پوٹہ و کلیجی ملا کر کوشش کرتے ہیں کہ سرکاری نرخ پر گوشت فروخت کیا جا سکے اور مطالبہ کیا کہ مال سستا فراہم کیا جائے تاکہ وہ سستا بیچ سکیں۔ اسی طرح پھل و سبزی فروشوں نے بھی کہا کہ سبزی منڈی سے مال مہنگا ملتا ہے اور کمیشن، لوڈنگ وغیرہ کا بھی خرچہ انہیں برداشت کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں نے ڈی سی بھکر سے مطالبہ کیا ہے کہ کلورکوٹ میں پھل، سبزی اور برائلر گوشت کو سرکاری نرخوں پر فروخت کروایا جائے اور بیچنے والوں کے مسائل بھی حل کیے جائیں تاکہ اوورچارجنگ ختم ہو سکے اور روزہ دار گاہک راحت محسوس کر سکیں۔