بھیرہ میں ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر احتجاج
بھیرہ (نامہ نگار )ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر بھیرہ میں امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مرکزی امام بارگاہ سے شروع ہونے والی ریلی چوک دروازہ چکوالا تک جاری رہی، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
ریلی کی قیادت سید بادشاہ حسین تقوی، سابق ناظم سید ظلِ حسنین شاہ، سید فضل عباس شاہ، سید مجاہد حسین اور سید نوید حسین نے کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ الائنس پنجاب کے نائب صدر سید غلام رضا شاہ بخاری، مولانا محبوب حسین، مولانا سفیر حسین اور سید علی رضا شمسی نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ نے مذاکرات کا تاثر دے کر اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کیا، جو انسانی اقدار کے خلاف ہے۔ ریلی کے اختتام پر چوک دروازہ چکوالا میں امریکی اور اسرائیلی پرچم نذرِ آتش کیے گئے ۔