مسلم دنیا کو چیلنجز کا مقابلہ اتحاد سے کرنا ہوگا:بلال طارق

مسلم دنیا کو چیلنجز کا مقابلہ اتحاد سے کرنا ہوگا:بلال طارق

مسلم دنیا کو چیلنجز کا مقابلہ اتحاد سے کرنا ہوگا:بلال طارق اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں

خوشاب (نمائندہ دنیا)مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے نائب ناظم میاں بلال طارق نے کہا ہے کہ ملت اسلامیہ امریکہ کی چالوں، اسرائیل کی مکاری اور بھارت کی عیاری کا مقابلہ صرف اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی کر سکتی ہے ۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مسلم ممالک پر لازم ہے کہ صبر و تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی امریکی حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا۔میاں بلال طارق کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو موجودہ حالات میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے متحد ہو کر مشترکہ پلیٹ فارم پر کھڑا ہونا چاہیے تاکہ بیرونی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے ۔دریں اثنا انہوں نے پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کو دیے گئے جواب کو قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کا واضح پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور باوقار سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں بلکہ اس سے عدم استحکام پیدا ہوتا ہے جس سے بیرونی قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سرحدی معاملات کے مستقل حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سفارتی سطح پر مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں