کارِ سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں سے بدتمیزی، دو افراد کے خلاف مقدمہ درج
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا )کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے کے الزام میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انفورسمنٹ انسپکٹر عزیز نعیم کی مدعیت میں محمد رضوان اور محمد ممتاز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر جاری کتے مار مہم کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالی۔ الزام ہے کہ ملزمان نے اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور گالم گلوچ کی اور ایک اہلکار سے موبائل فون بھی چھین لیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف تفتیش جاری ہے ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی مداخلت یا بدتمیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔