غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں میں خرید و فروخت جاری
غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں میں خرید و فروخت جاری ضلعی اور تحصیل کونسلوں کی جانب سے کارروائیاں موثر ثابت نہیں ہو سکیں
سرگودھا (نعیم فیصل سے )ضلعی اور تحصیل کونسلوں کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف حالیہ کارروائیاں اب تک موثر ثابت نہیں ہو سکیں، اور مقدمات کے اندراج کے باوجود متعدد کالونیاں قانون شکنی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ انتظامیہ کے احکامات پر ضلع کونسل اور تحصیل کونسلوں کی جانب سے اب تک 11 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے دفاتر کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں، تاہم ضلع میں 50 سے زائد کالونیاں میں این او سی کے بغیر ترقیاتی کام اور پلاٹوں کی خرید و فروخت جاری ہے ۔
شہریوں کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیاں شہریوں سے سہولیات کے نام پر دھوکہ دہی کر رہی ہیں، جبکہ مالکان کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ بیشتر کالونیاں سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی کھدائی کر کے گہرے گڑھے بنا چکی ہیں، جہاں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا خطرہ موجود ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ جن کالونیوں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے تھے ، ان میں بھی دوبارہ ترقیاتی کام شروع ہو چکا ہے ، جبکہ حالیہ کاروائیاں مبینہ طور پر کرپشن میں اضافہ کا سبب بنی ہوئی ہیں۔ کالونیاں اکثر کھیوٹ بلاک ہونے کی وجہ سے رجسٹریوں پر پابندی کے باوجود فائلوں اور اسٹام پیپروں پر پلاٹوں کی خرید و فروخت کر رہی ہیں۔ جس نے کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ارباب اختیار اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو۔