پٹرو لیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام سراپا احتجاج

 پٹرو لیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام سراپا احتجاج

پٹرو لیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام سراپا احتجاج پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بیس سے پچیس فیصد تک بڑھ گئے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح سرگودھا میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت اضافے کے اثرات نے عوام کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بیس سے پچیس فیصد تک بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ چند روز میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا قوی امکان ہے ۔شہریوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو حکومت کی جانب سے عوام پر معاشی بم باری قرار دیتے ہوئے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق رمضان المبارک میں پہلے ہی مصنوعی مہنگائی سے نبر آزما عوام پر یہ اضافہ ایک شدید اقتصادی بحران بن گیا ہے ، جس نے صارفین میں شدید تشویش اور احتجاج پیدا کر دیا ہے ۔پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھتے ہی سرگودھا سے راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، لیہ اور بھکر سمیت دیگر شہروں کے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مالکان نے بیس سے پچیس فیصد اضافہ کر دیا ہے ۔

 اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ اور انٹر سٹی کرایوں میں بھی اضافہ ہوا، جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔عوام نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ڈالر کی بلند قیمتوں کے پیش نظر ایک عام شہری کے لیے گزارہ پہلے ہی مشکل ہو گیا تھا، اور رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ معاشی بم باری کے مترادف ہے ۔شہریوں نے حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ، بصورت دیگر لوگ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں