ڈپٹی کمشنر میانوالی کے رات گئے پٹرول پمپس پر چھاپے
ڈپٹی کمشنر میانوالی کے رات گئے پٹرول پمپس پر چھاپےمہنگے داموں پٹرول فروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی گئی
واں بھچراں (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر میانوالی کے رات گئے پٹرول پمپس پر چھاپے ، مہنگے داموں پٹرول فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروا ئی،ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی اور اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ نے رات گئے واں بھچراں اور گردونواح میں مختلف پٹرول پمپس پر اچانک چھاپے مارے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی موقع پر چیکنگ کی۔ضلعی انتظامیہ پیرا فورس کے ہمراہ رات گئے فیلڈ میں متحرک ہوگئی اور مختلف پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی فروخت مقررہ نرخوں کے مطابق ہونے کا جائزہ لیا۔ مہنگے داموں پٹرول فروخت کرنے پر متعدد پٹرول پمپس کو سیل کر دیا گیا جبکہ مالکان کو موقع پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پیرا فورس کو ہدایت کی کہ پٹرول کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے ، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دورے کے موقع پر ایس ڈی او پیرا جاوید سرور، ڈی او انڈسٹری رضوان اکرم ڈار، انسٹرکٹر سول ڈیفنس بلال فاروق اور پیرا فورس کے اہلکار بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے ۔