عید اجتماعیت، محبت اور اتحاد کا درس دیتی : علامہ عبدالرشید

 عید اجتماعیت، محبت اور اتحاد کا درس دیتی : علامہ عبدالرشید

اسلام ہمیں باہمی محبت اور ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کا درس دیتا ہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ عبدالرشید حجازی نے اقصیٰ پارک، بالمقابل جامع مسجد اقصیٰ اہلحدیث بٹالہ کالونی جبکہ خالد محمود اعظم آبادی نے مرکز سیدنا حسین بن علیؓ، جامع مسجد یوسف اہلحدیث چک نمبر 219 تلیاں والا میں عیدالفطر کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے ایام مسلمانوں کی اجتماعیت اور شان و شوکت کے مظہر ہوتے ہیں۔ عید ہمیں پیار، محبت، ایثار و قربانی اور اتحاد و اتفاق کا درس دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عید کا دن ہر مسلمان کے لیے خوشی و مسرت کا دن ہے ۔ روزوں کی تکمیل کے بعد یہ لمحات اللہ رب العزت کی حمد و ثنا، اظہارِ تشکر اور اس سے اجر و ثواب طلب کرنے کے ہیں۔ اسلام ہمیں باہمی محبت اور ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کا درس دیتا ہے ۔ عید صرف نئے کپڑے پہننے اور مختلف اقسام کے کھانے پکانے یا کھانے کا نام نہیں بلکہ گناہوں سے بچنے اور تقویٰ اختیار کرنے کا پیغام دیتی ہے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عرب ممالک پر حملے بھی قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اڈوں کے نام پر عرب ممالک کے تیل کے ذخائر کو نشانہ بنانے سے دنیا پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کا شکار ہو رہی ہے ۔ ایسے حالات میں پاکستان اور سعودی عرب کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھ کر قائدانہ کردار ادا کریں اور جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں