ملک اس وقت کسی بھی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مفتی محمد عثمان
علماء نے عسکری قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کی بھی سخت مذمت کی
بھیرہ(نامہ نگار )جامع مسجد عمر فاروق، محلہ فاروق آباد بھیرہ میں اتحاد العلماء بھیرہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں افواجِ پاکستان اور سپہ سالار حافظ سید عاصم منیر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اتحاد العلماء کے مفتی محمد عثمان علی، خطیب جامع مسجد الفتح نور نے کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام تحصیل بھیرہ کے امیر مولانا عبدالرؤف راشدی، سرپرست سنی علماء کونسل مولانا محمد اکرم عثمانی، مولانا مفتی عبید الرحمن سالک، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مولانا مفتی عبد الرحمان، امیر اتحاد العلماء مولانا محمد عمران بھیروی، بزمِ حسان کے مولانا محمد عثمان غنی اور جامعہ قاسمیہ کے مولانا مختار احمد قاسمی نے عالمی سطح پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کے اقدامات کی بھرپور تائید کی اور سپہ سالار پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ علماء نے مملکتِ پاکستان اور عسکری قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔اجلاس کے اختتام پر افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے اور ملک و ملت کی سلامتی، ترقی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی۔