قبضوں کے ذریعے حکومتی خزانے کونقصان پہنچانے کے انکشافات

 قبضوں کے ذریعے حکومتی خزانے کونقصان پہنچانے کے انکشافات

ملوث افسران کیخلاف محکمانہ کاروائی کی سفارشات سول ایڈمنسٹریشن کو ارسال

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بوگس دستاویزات کے ذریعے سرکاری جگہوں پر قبضے کے حوالے سے جاری انکوائری کے دوران مزید قبضوں کے ذریعے حکومتی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے انکشافات پر محکمہ مال کے ملوث افسران و ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی کی سفارشات سول ایڈمنسٹریشن کو ارسال کر دی گئیں،ذرائع کے مطابق 105شمالی میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمین پر قبضے کی انکوائری کے دوران اینٹی کرپشن کی ٹیم نے محکمہ مال کے متعلقہ شعبہ سے ریکارڈ قبضہ میں لے کر مزید چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ اس کے علاوہ بھی درجنوں مقامات پر کئی کئی کینال اراضی پر لوگوں نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات کے ذریعے قبضے جما رکھے ہیں، جس سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو دیپارٹمنٹ کی جانب سے محکمہ مال کے ضلعی افسران کو ابتدائی انکوائری رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ترجیح بنیادوں پر ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لا کر دفتر ہذا کو آگاہ کیا جائے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمانہ کاروائی رکوانے کیلئے انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے اور اندر کھاتے مبینہ طور پر انہیں بری الذمہ قرار دینے کے لئے معاملات طے کئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں