میگا منصوبوں کی شکایات پر نوٹس ٹیکنیکل ٹیم طلب
پی ایم یو ٹیم کو آئندہ ہفتے سرگودھا بلا کر واسا کے منصوبوں کا تفصیلی تکنیکی جائزہ لیا جائے اور کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے خدشات دور کیے جا سکیں انڈرگراؤنڈ کیبلنگ اور متعلقہ کام 15 اپریل تک مکمل کیے جائیں تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کمشر کی اجلاس میں ہدایات
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے واسا کے سرگودھا شہر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے سیوریج میگا منصوبے سے شہریوں کے تحفظات اور شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کوالٹی انشورنس چیکنگ کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ( پی ایم یو ) پنجاب کی ٹیکنیکل ٹیم طلب کر لی ہے ۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ پی ایم یو ٹیم کو آئندہ ہفتے سرگودھا بلا کر واسا کے جاری منصوبوں کا تفصیلی تکنیکی جائزہ لیا جائے اور کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے خدشات دور کیے جا سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں چاروں اضلاع میں پی ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، فیسکو اور متعلقہ محکموں کے افسران سمیت چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈویلپمنٹ اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ بعض منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کے سٹوریج ٹینکس کی تعمیر اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودھا شہر کے سٹی روڈ اور کچہری بازار میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ کمشنر نے فیسکو حکام کو ہدایت کی کہ انڈرگراؤنڈ کیبلنگ اور متعلقہ کام 15 اپریل تک مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبے کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی سہولت کو ہر صورت ترجیح دی جائے گی۔