ایران جنگ بند نہ ہوئی پاکستان سمیت دنیا متاثر ہو گی‘ منیب سلطان
ایران جنگ بند نہ ہوئی پاکستان سمیت دنیا متاثر ہو گی منیب سلطان کشیدگی برقرار رہی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) سابق صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے ، بصورت دیگر دنیا بھر میں تیل کا شدید بحران جنم لے سکتا ہے جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھی مرتب ہوں گے ۔بھاگٹانوالہ کی صحافی برادری سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگا، جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہونے کا خدشہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جہاں پہلے ہی عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ کسی بڑے معاشی بحران سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر متبادل توانائی ذرائع اور معاشی استحکام کے لیے سنجیدہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کو کم کرنے کی طرف پیش رفت کریں گے تاکہ خطے میں امن قائم ہو اور عالمی معیشت کسی بڑے بحران سے محفوظ رہ سکے ۔