ایل پی جی کی غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں
ایل پی جی کی غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں فیسکو حکام بازاروں میں بجلی کی لٹکتی و خراب تاروں کو فوری درست کریں ، ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ڈی پی او صہیب اشرف، پاک فوج سے کرنل حارث سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹریفک قوانین کی سختی سے عملدرآمد، غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کارروائی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بغیر نمبر پلیٹ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف ایکشن، تجاوزات کے خاتمے ، مدارس کی رجسٹریشن، بجلی چوری کی روک تھام، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، شجرکاری مہم اور \"ستھرا پنجاب\" پروگرام سمیت 18 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ایل پی جی کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کرے جبکہ فیسکو حکام شہر اور بازاروں میں بجلی کی لٹکتی و خراب تاروں کو فوری درست کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈی پی او صہیب اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف پولیس بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔