غیر قانونی پٹرول پمپس کیخلاف کارورئی 300 سے زائد ڈسپنسر مشینیں ضبط

غیر قانونی پٹرول پمپس کیخلاف کارورئی 300 سے زائد ڈسپنسر مشینیں ضبط

ایف آئی اے اور کسٹم حکام کی موجودگی میں یہ مشینری باقاعدہ طور پرانکے ہینڈ اوور کر دی گئی،ناکارہ بنایا جائے گا تاکہ اسے دوبارہ استعمال کے قابل نہ چھوڑا جائے ،کسٹم حکام

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ضلع میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایجنسیوں کے خلاف بڑی کارروائی، 300 سے زائد ڈسپنسر مشینیں ضبط کرکے سول ڈیفنس آفیسر نے کسٹم حکام کے حوالے کر دیں اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ کسٹم ندیم عبداﷲ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر طالب حسین اور سول ڈیفنس آفیسر معظم سلطان بھی موجود تھے ،تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر حسین احمد چوہدری ، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان کی ہدایات پر ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی طور پر نصب ڈسپنسرز کو تحویل میں لیا گیا۔ بعد ازاں ایف آئی اے اور کسٹم حکام کی موجودگی میں یہ مشینری باقاعدہ طور پر ہینڈ اوور کر دی گئی۔ سپرنٹنڈنٹ کسٹم ندیم عبداﷲ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضبط کی گئی تمام مشینری کو مکمل قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ہینڈ ورک کے ذریعے ناکارہ بنایا جائے گا تاکہ اسے دوبارہ استعمال کے قابل نہ چھوڑا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 300 سے زائد ڈسپنسرز کو مستقل طور پر ضائع کیا جائے گا اور کسی بھی صورت ان کے مالکان کو واپس نہیں کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس طالب حسین نے کہا کہ غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے ، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو معیاری اور قانونی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دوسری جانب سول ڈیفنس آفیسر معظم سلطان نے کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایجنسیوں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی غیر قانونی دھندہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں