تجاوزات اور گراں فروشی کیخلاف سخت کارروائیاں ، دکانداروں کو جرمانے
کندیاں(نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر پپلاں محمد ظفر اقبال چوہدری کی سربراہی میں تحصیل بھر میں غیر قانونی تجاوزات اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر قائم ناجائز تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا گیا جبکہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جرمانے عائد کر کے اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنائی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پپلاں نے واضح کیا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کے لیے مانیٹرنگ کا یہ بلا امتیاز سلسلہ آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔