شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر
شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر جدید اور فعال دفتری ماحول بہتر گورننس اور عوامی خدمت میں اہم کردار ادا کرتا ہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے جمعہ کے روز تحصیل سلانوالی کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں، سرکاری دفاتر اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر، اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی چوہدری اکمل سمیت دیگر ضلعی و تحصیل افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سلانوالی انٹرنس بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا معائینہ کیا اور جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس کی نئی عمارت اور کمیٹی روم کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید اور فعال دفتری ماحول بہتر گورننس اور عوامی خدمت میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل سلانوالی کی کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں انتظامی امور، ترقیاتی سکیموں اور سروس ڈلیوری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے باہمی رابطہ کے ساتھ کام کریں۔ حسین احمد رضا چوہدری نے رمضان المبارک کے دوران مریم کے مہمان دسترخوان پروگرام میں نمایاں خدمات انجام دینے والے فیلڈ اور آفس اسٹاف میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔