4 روزہ پولیو مہم کے حوالے سے میڈیا آگاہی سیشن کا انعقاد

 4 روزہ پولیو مہم کے حوالے سے میڈیا آگاہی سیشن کا انعقاد

4 روزہ پولیو مہم کے حوالے سے میڈیا آگاہی سیشن کا انعقاد والدین مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ضرور قطرے پلائیں :اپیل

واں بھچراں (نمائندہ دنیا )محکمہ صحت اور کامنیٹ کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے ہال میں چار روزہ پولیو مہم کے سلسلے میں میڈیا آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان الحق تھے ۔ تقریب میں ضلع بھر کے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن آفیسر کامنیٹ پروگرام عمران نیازی نے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے دو حفاظتی قطرے پلا کر عمر بھر کے اپاہج پن سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعے والدین سے اپیل کی کہ وہ چار روزہ قومی پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔انہوں نے پولیو ویکسین کی افادیت، مرض کی علامات، نقصانات اور احتیاطی تدابیر پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان الحق نے پولیو مائیکرو پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 13 اپریل سے 16 اپریل تک جاری رہنے والی چار روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ 43 ہزار 308 پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، جس کے لیے محکمہ صحت نے مجموعی طور پر 1404 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں