فیسکو کو 10 سرکاری جائیدادوں کی منتقلی کا فیصلہ
سرگودھا کی 6 اور بھکر کی 4 پراپرٹیز شامل ،پلس پراجیکٹ کی سست روی پر لینڈ ریکارڈ اتھارٹی فوکل پرسن کی سرزنش، کمشنر کی ٹیکس وصولی کی صورتحال پر بھی تشویش
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیسکو کو سرکاری اراضی کی منتقلی، ویلیو ٹیبل پر عمل درآمد، ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم، پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2016 پر عمل درآمد، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام اور سرکاری و ریونیو واجبات کی وصولی جیسے اہم امور زیر غور آئے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری، سی ای او فیسکو محمد عامر پنوں، ڈپٹی کمشنر خوشاب، میانوالی اور بھکر، اے ڈی سی آرز، پلس پراجیکٹ کوآرڈینیٹر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ایڈیشنل کمشنر ریونیو سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیسکو کو سرگودھا ڈویژن میں 10 سرکاری جائیدادیں منتقل کی جا رہی ہیں جن میں سرگودھا کی 6 اور بھکر کی 4 پراپرٹیز شامل ہیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ اے ڈی سی آر ایک ہفتے کے اندر تمام ریکارڈ کی چھان بین مکمل کرتے ہوئے عمل کو حتمی شکل دیں اور رپورٹ پیش کریں۔پلس پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے سست روی پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے فوکل پرسن کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ نو مواضعات کے کیسز 15 مئی تک ہر صورت کلیئر کیے جائیں۔
انہوں نے موضع ڈیجیٹلائزیشن اور انتقال پراسیس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ریونیو افسران روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کر کے پیش رفت سے آگاہ کریں۔کمشنر نے کہا کہ ریونیو واجبات کی وصولی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور عوامی کیسز کے بروقت و شفاف حل کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ویلیو ٹیبل ریٹس کو 10 دن کے اندر موجودہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہفتے میں تمام افسرو ں کو مکمل تربیت فراہم کی جائے گی۔زرعی ٹیکس اور واٹر ریٹس کی وصولی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر نے فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی جبکہ تقسیم کے کیسز دو ماہ کے اندر نمٹانے کے احکامات بھی جاری کیے ۔
اجلاس میں اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے تحت سرگودھا ضلع میں سب سے زیادہ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ جہاں الاٹمنٹ ہو وہاں فوری قبضہ بھی فراہم کیا جائے تاکہ کسانوں کو بروقت ریلیف مل سکے ۔کمشنر سرگودھا نے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بعض امور پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریونیو نظام میں شفافیت اور عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔