شہر میں وال چاکنگ کیخلاف بھر پور آپریشن شروع 132 پینا فلیکسز ہٹادیئے گئے
اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کی نگرانی میں پہلے روز جیل روڈ، خوشاب روڈ، کچہری روڈ اور سلانوالی روڈ پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری کی ہدایت پر شہر میں وال چاکنگ، غیر ضروری اشتہاری بورڈز اور پینا فلیکسز کیخلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کی نگرانی میں پہلے روز جیل روڈ، خوشاب روڈ، کچہری روڈ اور سلانوالی روڈ پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 132 غیر قانونی پینا فلیکسز ہٹا دیے گئے جبکہ وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے اس موقع پر کہا کہ شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے غیر قانونی اشتہاری مواد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائیگی۔