کروڑوں کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود 75 فیصد نہروں کی صفائی نہ ہوسکی
نچلی سطح پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر نہریں اور راجباہ صفائی کے منتظر رہے، افسر مبینہ طور پر سب اچھا کی رپورٹ ارسال کرتے رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا زون میں عملی اقدامات کئے بغیر سالانہ بھل صفائی کا تیسرا مرحلہ بھی اختتام کے قریب جبکہ قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے فنڈزجاری ہونے کے باوجود 75فیصد سے زائد نہروں و راجباہوں کی صفائی نہ ہو سکی، اور حکومت کی طر سے بنایا گیا ،جدید مانیٹرنگ سسٹم بھی بری طرح فلاپ ہوکر رہ گیا ہے ،ذرائع کے مطابق سرگودہا زون کی 17 بڑی نہروں کی کل لمبائی 664 میل ،جبکہ 398 راجباہوں اور کھالوں کی کل لمبائی 2578 میل ہے جن سے رواں برس بھل صفائی مہم کے تحت مجموعی طور پر7 لاکھ کیوبک سے زائد بھل نکالنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھابھل صفائی کا یہ آپریشن تین مرحلوں میں مکمل کیا جانا تھا پہلے مرحلے میں منگلہ ڈیم سے نکلے والی نہروں کی بھل صفائی کیلئے 31 جنوری تک ،دوسرے مرحلہ میں تربیلہ ڈیم سے نکلنے والی نہروں اور چینلز وغیرہ کی بھل صفائی مہم 18 جنوری سے 15 فروری تک جاری رہی ،جبکہ تیسرے مرحلے میں دیگر چھوٹی بڑی نہروں اور راجباوں کی بھل صفائی کا آپریشن یکم مارچ سے شروع ہوا جو کہ15 اپریل تک مکمل کرنا ہے مگر باعث تشویش امر یہ ہے کہ نچلی سطح پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر نہریں اور راجباہ صفائی کے منتظر رہے ،اور متعلقہ افسران مبینہ طور پر کاغذی کاروائیوں میں سب اچھا کی رپورٹ ارسال کرتے رہے ۔