گندم 35 سوروپے من میں فروخت ہوگی خریداری مہم کے تمام تر انتظامات مکمل
کسان گندم فروخت کرنے کے لیے پیشگی رجسٹریشن کروائیں ،اصل شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ ادائیگی کا عمل تیز رفتار بنایا جا سکے
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع سرگودھا میں گندم خریداری مہم کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ذرائع کے مطابق اس سال حکومت پنجاب نے گندم خریداری کے عمل کو مزید شفاف اور سہل بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل متعارف کرایا ہے ، جس کے تحت نجی شعبے اور ذمہ دار اداروں کے ذریعے کاشتکاروں سے گندم خریدی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت کاشتکاروں سے گندم 35 سو روپے فی 40 کلو گرام کے حساب سے خریدی جائے گی۔ کسانوں سے کہا گیاہے کہ وہ گندم فروخت کرنے کے لیے پیشگی رجسٹریشن کروائیں اور اپنے اصل شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ ادائیگی کا عمل شفاف اور تیز رفتار بنایا جا سکے ۔ کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور جانچ پڑتال کا عمل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تیار کردہ ایپ کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ زمینوں کی تصدیق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) کے ذریعے کی جائے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد کاشتکاروں کو گندم فروخت کی اجازت دی جائے گی۔ گندم کی خریداری کے بعد ادائیگی 72 گھنٹوں کے اندر کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی، ضلع سرگودھا میں پرائیویٹ سیکٹر کے تحت گندم خریداری کے لیے دو بڑے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ آسیاں والا سینٹر پر 50 ہزار میٹرک ٹن جبکہ سرگودھا شہر کے مرکز پر 15 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔