مسجد کیلئے مختص14کینال کی اراضی فلتھ ڈپو میں تبدیل
مسجد کیلئے مختص14کینال کی اراضی فلتھ ڈپو میں تبدیل ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس پلاٹ کی کوئی حفاظت نہیں کی گئی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع کی سب سے بڑی ہاؤسنگ سکیم نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے مرکزی ٹاہلی چوک سے ملحقہ مسجد کیلئے مختص14کینال کی اراضی فلتھ ڈپو میں تبدیل ہوکر رہ گئی ہے ، اہل علاقہ کے مطابق 1971میں اس ہاؤسنگ سکیم کے قیام کے وقت یہ پلاٹ مرکزی جامع مسجد کی تعمیر کیلئے مختص کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کے تحت محکمہ اوقاف کو منتقل کیا گیا تھا،محکمہ اوقاف کی جانب سے ایک جامع منصوبہ ترتیب دے کر صوبائی حکومت کو پیش کر رکھا ہے مگر اس پر کئی دہائیوں بعد بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس پلاٹ کی کوئی حفاظت نہیں کی گئی جس کیو جہ سے اس میں خود رو جھاڑیاں اگنے کے ساتھ ساتھ یہ جگہ اب کوڑا کرکٹ اور غلاظت کے ڈھیروں میں تبدیل ہو کر رہ گئی ہے جس سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ سے اطراف کے مکینوں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں اعلی انتظامیہ سے بھی بہت مرتبہ رجوع کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ،انہوں نے وزیر اعلی پنجاب اور کمشنر سرگودھا سے نوٹس لے کر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اتھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔