جنگلات میں درختوں کی بے دریغ کٹائی بھی جاری
کندیاں (نمائندہ دنیا) پنجاب بھر میں شجرکاری مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم کندیاں جنگلات میں اس کے برعکس درختوں کی بے دریغ کٹائی بھی جاری ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
شہریوں کے مطابق ایک جانب فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے مہمات چلائی جا رہی ہیں جبکہ دوسری جانب درختوں کی غیر ضروری کٹائی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جو ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ۔درختوں کی کٹائی سے پرندوں اور جنگلی حیات کے مساکن بھی ختم ہو رہے ہیں جس کے باعث نایاب نسل کے چرند و پرند علاقے سے نقل مکانی کر رہے ہیں اور علاقہ اپنی قدرتی خوبصورتی کھوتا جا رہا ہے ۔شہریوں نے ڈی ایف او محکمہ جنگلات اور ڈپٹی کمشنر میانوالی سے مطالبہ کیا ہے کہ درختوں کی غیر ضروری کٹائی روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔