ہیلتھ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیموں کا غلط ڈیٹا فراہم کرنیکا انکشاف
کمشنر کا مس ایریا رپورٹنگ اور غلط ڈیٹا فراہم کرنے پر برہمی کااظہار فیلڈ میں آئی سی ایم کی ناقص کارکردگی اور ٹیموں کی عدم دستیابی پر بھی شدید تحفظات
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سرگودھا میں پولیو مہم اور ای پی آئی پروگرام کے حوالے سے ہیلتھ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیموں کی جانب سے غلط ڈیٹا فراہم کرنے کا انکشاف، ڈپٹی کمشنر افسران پر برس پڑے اور غلط رپورٹنگ کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائی کا عندیہ دیدیا گیا، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلع میں حالیہ انسداد پولیو مہم اور ای پی آئی پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او، ڈی ڈی ایچ اوز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم میں ناقص کارکردگی، مس ایریا رپورٹنگ اور غلط ڈیٹا فراہم کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو جیسے حساس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا غلط رپورٹنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فیلڈ میں آئی سی ایم (ICM) کی ناقص کارکردگی اور ٹیموں کی عدم دستیابی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران و ٹیموں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اے ایف پی کیسز کی کم رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو کیسز کی رپورٹنگ نہ ہونا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ، جس پر متعلقہ حکام کو جوابدہ ہونا ہوگا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم کے دوران مقررہ ہدف کے 98 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ 99 فیصد گھروں کو کور کیا گیا۔ اس کے باوجود 1,287 چبچے تاحال مسنگ رپورٹ ہوئے ہیں۔
جن کی ویکسی نیشن کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے ، جبکہ ویکسی نیٹرز کو خصوصی ٹارگٹس تفویض کر دیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 1,126 زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی کی گئی ہے ، جنہیں حفاظتی ٹیکہ جات کے دائرہ کار میں لانے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ای پی آئی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر کسی بھی سطح پر جعلی یا غلط رپورٹنگ سامنے آئی تو سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید موثر بنائیں اور سو فیصد اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو موذی مرض پولیو سے محفوظ رکھنا قومی ذمہ داری ہے ، جس میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں۔