اوورہیڈ برج کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیاں

اوورہیڈ برج کی بیوٹیفکیشن کے  منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیاں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا میں میاں نواز شریف اوورہیڈ برج کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں نے جہاں ڈویلپمنٹ شعبہ کی جانب سے بھاری حکومتی فنڈز اقربا پروری کی نذر کر دیئے گئے۔

وہاں حکومتی میرٹ پالیسی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ،ذرائع کے مطابق 1.43کلومیٹر لمبے اس فلائی اوور کی تعمیر پر کل 2 ارب 22 کروڑ روپے خرچ ہوئے جو ریکارڈ ڈیڑھ سال میں مکمل کرکے گزشتہ سال ٹریفک کیلئے کھولا گیاتھا، اس پل کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے پی ایچ اے کو دو کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈز جاری کئے گئے ،تاکہ اس برج کے اطراف پودے لگانے ، گھاس بچھانے اور دیگر خوبصورتی کے کام مکمل کیے جا سکیں۔،تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ شعبہ اور متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے مبینہ طور پر فنڈز کا بے دریغ استعمال کروایا ،بیوٹیفیکیشن کے دعوؤں کے برعکس فنڈز کے تناسب سے موقع پر کام نہیں کروایا گیااور جاری فنڈز کے تناسب سے موقع پر بیوٹیفکیشن کا جتنا کام سامنے آیا، اس پر شہری حلقوں نے تحفظات کا اظہار بھی کیا مگر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا،یہی نہیں اس کے بعدمنصوبہ کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جانا تھا مگر اس میں بھی مبینہ ساز باز کر کے معاملہ دبا دیا گیا، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوٹیفکیشن پر خطیر رقم خرچ کر کے اس کی مناسب دیکھ بھال بھی نہیں کی گئی ،اور بھاری حکومتی فنڈز اقربا پروری میں جھونک دیئے گئے ، جس کی وجہ سے حکومتی میرٹ پالیسی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لے کر معاملے کی شفاف انکوائری کر کے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں