کندیاں میں منفرد تقریب، صدارت دیہاڑی دار مزدور نے کی
کندیاں میں منفرد تقریب، صدارت دیہاڑی دار مزدور نے کیمفتی فیض رسول الحسنی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مزدور کی اہمیت بتائی
کندیاں (نمائندہ دنیا)یکم مئی کے موقع پر سماجی تنظیم ہمدرد ٹیم کندیاں کے زیر اہتمام کندیاں چشمہ پریس کلب میں ایک منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت دیہاڑی دار مزدور حبیب اللہ نے کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت مزدور موچی فرہاد حسین نے حاصل کی۔ اس موقع پر صدر اہلسنت والجماعت مفتی فیض رسول الحسنی نے خطاب کرتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں مزدور کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا درس دیا۔تقریب میں کندیاں چشمہ پریس کلب کے صحافیوں اور ہمدرد ٹیم نے میزبانی کے فرائض انجام دیے ۔
مقررین نے دیہاڑی دار مزدوروں کی محنت اور دیانتداری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں ایک دن کی اجرت کے برابر رقم بطور انعام دی گئی، ساتھ ہی کہا گیا کہ وہ یہ دن اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گزاریں۔مقررین نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد مزدوروں کی احساسِ کمتری کا خاتمہ، انہیں ان کا اصل مقام دلانا اور معاشرے میں انسانیت کے پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے ۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کسی سیاسی شخصیت کو مدعو نہیں کیا گیا، جبکہ صدارت اور مہمانِ خصوصی کا اعزاز بھی مزدوروں کو ہی حاصل رہا۔اختتام پر حالیہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدور کے لیے دعائے مغفرت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے مزدوروں کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔