ریونیو نظام ڈیجیٹائزیشن سمیت اصلاحات تیز کرنے کاحکم

ریونیو نظام ڈیجیٹائزیشن سمیت اصلاحات تیز کرنے کاحکم

ریونیو نظام ڈیجیٹائزیشن سمیت اصلاحات تیز کرنے کاحکم گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس،دیگر اصلاحاتی پروگرامز پر پیشرفت کو یقینی بنایا جائے :ڈی سی

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو مختلف انتظامی امور کے حوالے سے عمومی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو اور لینڈ ایڈمنسٹریشن کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں اور جدید اصلاحات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹری نظام کی ڈیجیٹائزیشن، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس اور دیگر اصلاحاتی پروگرامز پر پیشرفت کو یقینی بنایا جائے جبکہ فیلڈ مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے ۔پبلک ہیلتھ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں، خصوصاً آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے منظم حکمت عملی اپنائی جائے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ رکھا جائے ۔ترقیاتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ 22 مئی سے یکم جون تک چھٹیوں پر پابندی ہوگی۔ جبکہ 22 مئی کے بعد کسی قسم کی ضمنی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔

مون سون سیزن کے پیش نظر شہری و دیہی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور بڑے نالوں کی بروقت صفائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔گندم خریداری مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خریداری کا عمل مکمل شفاف اور میرٹ پر یقینی بنایا جائے ، اور کسانوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی یا کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے سلسلے میں انہوں نے مویشی منڈیوں کی بروقت تیاری، بنیادی سہولیات کی فراہمی، بجلی کی بلا تعطل سپلائی اور واٹر پمپنگ اسٹیشنز کی فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جاری احکامات پر مؤثر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں