رہائشی املاک کا کمرشل استعمال جاری، خزانے کو نقصان
رہائشی املاک کا کمرشل استعمال جاری، خزانے کو نقصان 100 سے زائد عمارتیں کئی سال سے کاروباری مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)شہر کے اہم بازاروں، شاہراہوں اور گردونواح کی آبادیوں میں سینکڑوں گھریلو املاک کا کمرشل استعمال بدستور جاری ہے ، جس کے باعث حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل تقریباً 100 سے زائد ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کئی سالوں سے کاروباری مقاصد کے لیے استعمال ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں سرکاری آمدن متاثر ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ 200 سے زائد مکانات ایسے بھی ہیں جہاں چھوٹے کاروباری یونٹس قائم ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ان یونٹس کے مالکان کو محکمہ سوئی گیس، بجلی اور میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے ، جس کے باعث قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی جاری ہے ۔اس حوالے سے بلدیاتی اداروں کو ٹیکس وصولی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے تھے ، تاہم ذرائع کے مطابق یہ اقدامات صرف نوٹسز کے اجراء تک محدود رہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ افسران کی تبدیلی کے بعد معاملے پر عملی پیش رفت رک گئی ہے ، اور صورتحال پر گرفت مضبوط کرنے کے بجائے قانون شکنی کرنے والوں کو کھلی چھوٹ ملنے کا تاثر پایا جا رہا ہے ۔