’’کیمرے کی بنائی تصویر پورے حالات کی منظر کشی کر دیتی‘‘
کیمرہ مین زندگی ہتھیلی پر رکھ کر تصویر کی تلاش میں رہتا ،عامر سلطان چیمہ ودیگر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) دور جدید میں جہاں ہر چیز تیزی سے بدل رہی ہے وہاں پر کیمرے کی آنکھ اسی طرح برقرار ہے اخبارات کا کبھی ڈنکا بجتا تھا مگر روایات بدلتی رہی اور ہر چیز میں تیزی آتی گئی جس کی وجہ سے لوگ اخبارات کی بجائے الیکٹرانک میڈیا کی طرف متوجہ ہونے لگے اس دور میں پورے اخبار کی خبریں ایک طرف جب کہ کیمرے کی بنائی گئی ایک چھوٹی سی تصویر پورے حالات کی منظر کشی کر دیتی ہے جس کے لیے کچھ بتانے یا بولنے کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ سارا کمال کیمرہ مین کا ہوتا ہے جو اپنی زندگی ہتھیلی پر رکھ کر ہر ایک جگہ لوگوں کو باخبر رکھنے کے لیے تصویر کی تلاش میں رہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار الیکٹرانک میڈیا کیمرا مین ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ سابق ایم این اے و وزیر مملکت چوہدری حامد حمید چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان سمیت دیگر نے کیا ۔مقررین نے کہا کہ سرگودھا میں الیکٹرانک میڈیا کیمرا مین ایسوسی ایشن کے تمام ممبران جس طرح اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ آج انہوں نے باقاعدہ طور پر اپنی ایسوسی ایشن کے نہ صرف انتخابات کروائے بلکہ منتخب نمائندوں کی تقریب حلف برداری بھی منعقد کروائی۔کیمرہ مین جنگ ہو یا امن گرمی ہو یا سردی بارش ہو یا طوفان وہ لوگوں کو منظر کشی کرنے کی کوشش میں بعض اوقات اپنی زندگی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
اکثر پاکستان میں بھی ایسا ہوا ہے کہ ہمارے کئی کیمروں مین بھائی کوریج کے دوران اپنی قیمتی جان گوا بیٹھے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر کیمرا مین چاہتا ہے کہ وہ دوسرے کیمرہ مین سے منفرد چیز کی منظر کشی کر کے اپنے دیکھنے والوں کو وہ تصویر اور ویڈیو پہنچائے جس پر انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ جہاں صحافیوں کے لیے مختلف اقدامات اٹھاتی ہے وہاں پر کیمرہ مینوں کے لیے بھی خصوصی اقدامات کرے اس موقع پر نو منتخب عہدے داران نے حلف اٹھایا آخر میں ملکی سلامتی استحکام اور بقاء کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔