معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر اے پی سی کا اہتمام
نظریں دشمن پر اور دل وطن کے لیے دھڑک رہے ہیں ،رانا ثناء اﷲ ودیگر کاخطاب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں و تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، اس موقع پر مسلم لیگ ن کی خاتون ایم این اے ارم حامد ، اکمل جسپال ، رائے منیر احمد کھرل، قاری احمد علی ندیم،رانا ثناء اﷲ و دیگر مقررین نے پاک فوج کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اس بات کو اچھی طرح ذہن نشین کر لے کہ پاکستانی قوم اور پاک فوج کا عزم آج بھی اسی طرح جوان ہے ہمارے حوصلے بلند ہیں، نظریں دشمن پر اور دل وطن کے لیے دھڑک رہے ہیں۔
ہر لمحہ، ہر گھڑی اس عہد پر قائم ہیں کہ اگر دشمن نے دوبارہ کوئی بزدلانہ قدم اٹھانے کی جسارت کی تو اسے ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جو تاریخ میں رقم ہو جائے گا۔اس کامیابی کا سہرا پاک فوج کی بہادری کے ساتھ ساتھ پوری قوم کے سر ہے جس کے اتحاد اور حوصلے نے یہ کر دکھایایہ صرف ایک جنگ نہیں تھی بلکہ پوری قوم کا مشترکہ عزم تھا، جس نے اس فتح کو ممکن بنایا۔ قوم کی دعاؤں، حمایت اور اعتماد نے پاک فوج کے حوصلوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔بلاشبہ، ہمیں اپنی بہادر افواج پر جتنا فخر ہے ، اتنا ہی اپنی اس عظیم قوم پر بھی ناز ہے ، جو ہر مشکل گھڑی میں اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔