موٹروے ایریاز میں مہنگی اشیا کی ذمہ دار انتظامیہ

 موٹروے ایریاز میں مہنگی اشیا کی ذمہ دار انتظامیہ

ڈی سی ریٹ کی لسٹ 2024 سے اپ ڈیٹ ہی نہیں کی گئی ،ریستورانوں اور شاپس مالکان 3سو فیصد تک اضافہ کر کے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے لائسنس ایگری منٹ میں درج ہے تمام کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں ڈی سی ریٹ لسٹ کے مطابق مقرر کی جائیں گی،انحراف کی صورت میں جرمانے کے مستحق ہونگے

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) موٹر وے حکام کی جانب سے سروس ایریاز میں اشیاء کی اضافی قیمتوں پر فروخت اور مسافروں سے لوٹ مار کا ذمہ دار ضلعی انتظامیہ کو قراردیدیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق سروس ایریاز میں قائم ٹک شاپس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو موٹر وے حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر لائسنس جاری کر رکھے ہیں ، اور لائسنس ایگری منٹ میں واضح طور پر درج ہے تمام کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتی ڈی سی ریٹ لسٹ کے مطابق مقرر کی جائیں گی،اور اس سے کسی بھی قسم کے انحراف کی صورت میں لائسنس ہولڈرز جرمانے کے مستحق ہوں گے ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے اشیاء کے ڈی سی ریٹ کی جو لسٹ اس وقت سروس ایریاز میں لاگو ہے وہ 27 ستمبر 2024 سے اپ ڈیٹ ہی نہیں کی گئی ،اور حکومتی ہدایات کے باوجود اشیاء کے ریٹس پر نظر ثانی کرتے ہوئے صورتحال کے تدارک کیلئے نہیں اقدامات کئے گئے ،ریستورانوں اور شاپس مالکان اشیاء کی قیمتوں میں 3سو فیصد تک اضافہ کر کے مجبور مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

کاؤنٹرز یا نمایاں مقامات پر ہوٹل و شاپس مالکان نے نرخ نامے بھی آویزاں نہیں کررکھے اورمقرر کردہ سرکاری نرخ نامے کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے ،جس پرموٹر وے آپریشنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر بریگیڈئیر ریٹائرڈ انجم انصاری کی طرف سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کو آ گاہ کیا گیا کہ مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں ڈی سی ریٹ لسٹ میں نوٹیفائی کیے گئے نرخ موجودہ مارکیٹ قیمتوں کی عکاسی نہیں کرتے ، جس سے موجودہ ریٹ لسٹ تجارتی طور پر فرسودہ/غیر قابل عمل ہو گئی ہے ،لہذا موٹر وے سروس ایریازمیں ٹک شاپس اور فوڈ آؤٹ لیٹس پر لاگو ڈی سی ریٹ لسٹ کا ترجیح بنیادوں پر از سرنو جائزہ لے کر اس میں ترمیم کرنے کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا جائے کہ وہ گاہے بگاہے اچانک وزٹ کر کے طے شدہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی کویقینی بنانے اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں