غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے پلاٹوں کی خرید و فروخت بند کرائی جائے ، اہل علاقہ
سلانوالی(نمائندہ دنیا ) سلانوالی کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے کھیوٹ بلاک کر کے پلاٹوں کی خرید و فروخت بند کرائی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر کو سیل کیا جائے اور اشتہاری مہم بند کرائی جائے اور ان کے مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور مقدمات درج کرائے جائیں۔
بتایا گیا ہے کہ محکمہ مال سلانوالی کے بعض اہلکاران اور خصوصاً ضلع کونسل سرگودھا کے کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے سلانوالی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان بڑے دھڑلے سے پلاٹوں کی خرید و فروخت کا دھندا چمکائے ہوئے ہیں اور اپنے دفاتر میں بیٹھے پلاٹوں کی خرید و فروخت کا ناجائز کاروبار چلائے ہوئے ہیں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تشہیر بھی کر رہے ہیں ۔