صحافت ریاست کا بنیادی ستون اور جمہوریت کی روح ، مولانا عبدالرؤف
بھیرہ (نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام تحصیل بھیرہ کے ناظمِ عمومی مولانا محمد عبدالرؤف راشدی نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا بنیادی ستون اور جمہوریت کی روح ہے ، آزاد اور ذمہ دار صحافت کے بغیر جمہوری نظام کا تصور ادھورا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کے صحافیوں نے ہر دور میں جمہوری اقدار کے تحفظ، آئین کی بالادستی اور عوام کی آواز بننے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔ مشکل حالات اور دباؤ کے باوجود صحافی برادری نے حق اور سچ کا علم بلند رکھا، جو قابلِ تحسین ہے ۔مولانا عبدالرؤف راشدی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل، خصوصاً عدم تحفظ، معاشی مشکلات اور پیشہ ورانہ دباؤ کا حل نکالنا اور ان کی آزادیِ اظہار کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کرے اور موجودہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صحافی بلاخوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔