پینے کا صاف پانی مہنگے داموں بیچنے والے مافیا نے پنجے گاڑھ لیے
پینے کا صاف پانی مہنگے داموں بیچنے والے مافیا نے پنجے گاڑھ لیے پرانی اور بوسیدہ مشینری بہتر رزلٹ نہیں دیتی ، گردوں کی بیماریاں بڑھ رہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر بھر میں پینے کا صاف پانی مہنگے داموں بیچنے والے مافیا نے پنجے گاڑھ لیے ، پرانے اور بوسیدہ ٹینکروں میں بھی گندا پانی شہریوں کو سر عام سپلائی کیا جا رہا ہے ، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی، تفصیل کے مطابق شہر بھر میں غیر معیاری اور بوسیدہ ٹینکروں میں پینے کا پانی سر عام فروخت کیا جار ہا ہے ، جس کی وجہ سے پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ گردوں کی بیماریاں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں، شہر بھر میں پانی کے سیمپل کو جانچنے کیلئے کوئی خاص لیبارٹریاں موجود نہیں، چند ایک جو موجود ہیں ان میں پرانی اور بوسیدہ مشینری پڑی ہے ، جو خود بھی بہتر رزلٹ نہیں دیتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پانی کے بہتر معیار کو جانچنے میں انتہائی مشکلات درپیش ہیں، ایک محتاط اندازے کے مطابق شہر بھر میں گردوں کی بیماریاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، اس کے ساتھ آنتوں اور پیٹ کے دیگر امراض میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، نہ ہی محکمہ صحت اور نہ ہی کارپوریشن اور لوکل باڈیز اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دے رہے ہیں، فوڈ اتھارٹی مہینہ میں ایک دو بار ایکشن کر کے خاموش ہو جاتی ہے ، شہریوں نے ارباب اختیار سے اس سلسلہ میں مربوط حکمت عملی وضع کرنے اور چیک اینڈ بیلنس بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔