چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کا میگا پراجیکٹس کی سائٹس کا معائنہ
چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کا میگا پراجیکٹس کی سائٹس کا معائنہ نئے مین ڈسپوزل اسٹیشن کے تعمیراتی کام، استعداد اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم و معاون خصوصی شعیب مرزا نے سرگودھا کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ واسا کے 14 ارب روپے کے جاری میگا پراجیکٹس کی مختلف سائٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ابوبکر عمران نے منصوبوں پر جاری کام، پیش رفت، تکنیکی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین انسپکشن ٹیم و معاون خصوصی نے کمپنی باغ میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے تعمیر کیے جانے والے انڈر گراؤنڈ ٹینک کے جاری کام کا معائنہ کیا اور منصوبے کی افادیت اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سلانوالی روڈ پر قائم کیے جانے والے نئے مین ڈسپوزل اسٹیشن کے تعمیراتی کام، استعداد اور اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
شعیب مرزا نے پل 47 کے مقام پر بارشی پانی کو سٹور کرنے کیلئے کیے جانے والے انتظامات اور جاری تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا جبکہ لاری اڈا روڈ پر واسا کی نئی سیوریج پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے پیش رفت بارے دریافت کیا۔ انہوں نے لاری اڈا ڈسپوزل کی اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ معاون خصوصی نے شہر کے مختلف کریٹیکل ایریاز کا دورہ کرتے ہوئے نکاسی آب کے مسائل، بارشی پانی کے بہاؤ اور شہری سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔شعیب مرزا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو اعلیٰ معیار، شفافیت اور طے شدہ پلان کے مطابق مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔