پتھر مارکیٹ کے ہزاروں مزدور علاج کی سہولتوں سے محروم
کروڑوں روپے کے فنڈز ضائع ہوتے نظر آ رہے ، طبی سہولیات کی دستیابی کیلئے لوگوں کو بدستور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ،پہاڑ ی مزدوروں کے علاج کے لئے ایک ہسپتال تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کا فقدان ،واحد ایکسپرے مشین طبعی مدت پوری ہونے سے قبل ہی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالت میں پڑی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) اپ گریڈ کے باوجود تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال 46جنوبی میں اہل علاقہ اور پتھر مارکیٹ کے ہزاروں مزدور علاج معالجہ کی مطلوبہ سہولیات دستیاب نہ ہو سکیں اور کروڑوں روپے کے فنڈز ضائع ہوتے نظر آ رہے ہیں طبی سہولیات کی دستیابی کیلئے لوگوں کو بدستور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 46جنوبی کے پچیس سے تیس ہزار افراد کے علاوہ دس ہزار سے زائد پہاڑ ی مزدوروں کے علاج معالجہ کیلئے علاقے میں یہ واحد ہسپتال ہے جس کی اپ گریڈیشن چند سال قبل عمل میں آئی، مگر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سطح کی طبی سہولیات کا تاحال فقدان ہے اسکے ساتھ ساتھ ہسپتال کی واحد ایکسرے مشین اپنی طبعی مدت پوری ہونے سے قبل ہی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے انتہائی خستہ حالت میں پڑی ہے جس کے نتائج مشکوک ہیں، ہسپتال کیلئے ہیلتھ اتھارتی کی جانب سے کوئی ایمبولینس سروس نہیں مہیا کی گئی، شوگر یا دیگر امراض کی ادویات کا فقدان ہے ،مریضوں کیلئے آکسیجن کی سہولت بھی نہیں، سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات بھی انتہائی ابتر ہیں جس پر اہل علاقہ اور مزدوروں نے ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ اتھارٹی کو فوری اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے ۔