ہر قسم کے مریضوں کے ٹیسٹ مفت کئے جائینگے ، کمشنر سرگودھا
ہر قسم کے مریضوں کے ٹیسٹ مفت کئے جائینگے ، کمشنر سرگودھاپنجاب حکومت عوام کو صحت کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی
قائد آباد (نمائندہ دنیا ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا ہے جہاں پنجاب حکومت کی ہدایت پر ہر قسم کے مریضوں کے ٹیسٹ مفت کئے جائیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ادویات اور علاج معالجہ کی مکمل سہولت ایک ہی جگہ میسر آسکے اور انہیں باہر سے ادویات خریدنے کی ضرورت پیش نہ آئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال قائد آباد میں سرجن، گائناکالوجسٹ، آرتھوپیڈک ڈاکٹرز اور ایم ایل سی کے لیے لیڈی ڈاکٹر کی تعیناتی کے حوالہ سے محکمہ صحت خوشاب سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے جسے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو ارسال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ڈاکٹروں کی بھرتیوں کے لیے اخبارات میں اشتہارات بھی دے رکھے ہیں۔ اور جیسے ہی بھرتی کا عمل مکمل ہوگا ڈاکٹرز کی تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔