سٹی روڈ پر جاری تمام کام ایک ہفتے کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے ،ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا رات گئے موقع پر جا کر معائنہ کیا۔
انہوں نے سٹی روڈ پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے فیسکو حکام کو واضح ہدایت کی کہ سٹی روڈ پر جاری تمام کام ایک ہفتے کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزیدکہا کہ سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے کا مقصد شہر کے مرکزی علاقوں کو خوبصورت، صاف اور شاپنگ کے لحاظ سے زیادہ مؤثر بنانا ہے، اس لیے معیار اور رفتار دونوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔