متعدد پٹرول پمپس پر کم پیمائش کرنے والے نوزلز سیل
ناقص پیمانے اور غیر تصدیق شدہ وزن تولنے والے آلات قبضے میں لے لیے گئے
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے اور ناجائز منافع خوری، کم پیمائش و صارفین کے استحصال کے خاتمے کیلئے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے ضلع بھکر میں کریک ڈاؤن جاری،ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا اور کنٹرولر ویٹس اینڈ میئرز پنجاب جاوید اقبال قریشی کی خصوصی نگرانی میں ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم بھکرمیڈم شفق ناز کی زیر نگرانی مختلف پٹرول پمپس،جنرل سٹورز، کریانہ شاپس اور مارکیٹوں کی اچانک انسپکشنز کی گئیں۔کارروائی کے دوران متعدد پٹرول پمپس پر کم پیمائش کرنے والے نوزلز سیل کر دیے گئے جبکہ کم وزن والے باٹ، ناقص پیمانے اور غیر تصدیق شدہ وزن تولنے والے آلات قبضے میں لے لیے گئے ۔خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور بعض چالانات عدالت بھجوا دیے گئے ۔حکام کے مطابق عید کے دنوں میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں تاکہ شہریوں کو ناجائز منافع خوری اور کم پیمائش سے محفوظ رکھا جا سکے ۔