میانی سٹیڈیم کا افتتاح محرم کے بعد کیا جائیگا،صہیب احمد بھرتھ
میانی سٹیڈیم کا افتتاح محرم کے بعد کیا جائیگا،صہیب احمد بھرتھ مسلم لیگ ن میں شامل ہونیوالے اپنی مرضی سے آ رہے ہیں، تقریب سے خطاب
میانی (نامہ نگار)میانی سٹیڈیم کا افتتاح محرم الحرام کے بعد کیا جائے گا، صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے نواحی گاؤں گھوگھیاٹ میں خاشہ برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب بھر سمیت حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے ، مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے اپنی مرضی سے آ رہے ہیں، صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ جماعت ہے ۔ آج جو لوگ دھڑا دھڑ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، وہ باشعور ہیں اور اپنی مرضی و خوشی سے اس قافلے کا حصہ بن رہے ہیں، ان پر کسی قسم کی کوئی زور زبردستی یا دباؤ نہیں ہے ۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم بلا تفریق سب کے نمائندے ہیں اور عوام کی خدمت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ کوئی بھی شہری اپنے جائز کام کے لیے بلا جھجک ہمارے پاس آ سکتا ہے ، ہمارے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں حکومتی کارکردگی اور علاقائی ترقی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متحرک قیادت میں صوبہ بھر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ۔ میرے اپنے حلقے سمیت پورے پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور سڑکوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں جس سے عوام کے لیے سفری سہولیات اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔