چوریاں روکنے کیلئے تاجروں کے وفدکی آرپی او سے ملاقات
چوریاں روکنے کیلئے تاجروں کے وفدکی آرپی او سے ملاقات ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی روڈ کی انجمن تاجران نے عرصہ دراز سے جاری چوری کی وارداتوں اور پولیس کے رویے سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ریجنل پولیس آفس میں اعلیٰ پولیس حکام سے ملاقات کی۔تاجر وفد کی نمائندگی صدر انجمن تاجران جوادخرم، فاروق ساہنی، سعید، زاہد ، مزمل اور میاں حسان سعید نے کی۔ ملاقات آر پی او آصف شہزاد خان کی ہدایت پر اے ڈی آئی جی ملک طارق سے ہوئی، جنہوں نے تاجروں کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں۔اے ڈی آئی جی ملک طارق نے موقع پر ہی متعلقہ تھانوں کے افسران کو ضروری احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ انہوں نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ، جبکہ سرکاری اوقاتِ کار کے بعد بھی کسی ہنگامی صورتحال میں تاجر براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔تاجر رہنماؤں نے مسائل کے فوری نوٹس اور مثبت طرزِ عمل پر آر پی او آصف شہزاد خان اور اے ڈی آئی جی ملک طارق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے دیگر افسران اور اہلکار بھی عوام کے ساتھ اسی جذبے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک طارق جیسے فرض شناس، باصلاحیت اور ایماندار افسران پولیس فورس کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔