کاہنہ سانحہ، متاثرہ خاندانوں سے تعاون کیا جائے : علامہ عبدالرشید
کاہنہ سانحہ، متاثرہ خاندانوں سے تعاون کیا جائے : علامہ عبدالرشید سانحہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ،حکومت زخمیوں کا بہترین علاج کروائے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے ۔ جاں بحق ہونے والے معصوم بچے قوم کا مستقبل تھے اور ان کی المناک موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ، زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہترین علاج و معالجے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے ۔ انہوں نے بروقت امدادی کارروائیوں، پنجاب حکومت کے مالی امداد کے اعلان اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے اقدامات کو سراہتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ مبلغ علامہ ناصر مدنی کی جانب سے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں، زخمیوں کی عیادت اور متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔