واٹر ہائیڈرنٹ کی تنصیب کیلئے کھدائی، شہریوں کیلئے پریشانی
واٹر ہائیڈرنٹ کی تنصیب کیلئے کھدائی، شہریوں کیلئے پریشانی معمولی بارش سے صورتحال خراب ہو جاتی ،سڑک دلدل کا منظر پیش کرنے لگتی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شاہین چوک میں چند ماہ قبل انتظامیہ کی جانب سے واٹر ہائیڈرنٹ کی تنصیب کے لیے کی گئی کھدائی شہریوں کے لیے مستقل پریشانی کا باعث بن گئی۔ ہائیڈرنٹ نصب ہونے کے باوجود کھدائی کے بعد سڑک کو ازسرنو پختہ کرنے کے بجائے گڑھے میں صرف مٹی ڈال کر چھوڑ دیا گیا، جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہو رہی ہے ،دوکانداروں کے مطابق سڑک پر موجود نرم مٹی اور دھنسے ہوئے حصے کے باعث روزانہ رکشے ، موٹر سائیکلیں اور دیگر چھوٹی گاڑیاں پھنس جاتی ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارش یا پانی پڑنے کی صورت میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور سڑک دلدل کا منظر پیش کرنے لگتی ہے شاہین چوک شہر کے مصروف ترین مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں، تاہم کھدائی کے بعد سڑک کی مناسب بحالی نہ ہونے کے باعث اکثر اوقات ٹریفک جام رہتی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے شہریوں اور تاجروں نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد سڑک کو اصل حالت میں بحال کرنا بھی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ، مگر اس معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کیا گیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔