ہلال احمر ہسپتال کیلئے آٹھ نکاتی ایجنڈے کی منظوری
ہلال احمر ہسپتال کیلئے آٹھ نکاتی ایجنڈے کی منظوری بورڈز آف گورنرز نے سلانوالی روڈ ہسپتال کی عمارت،مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری کی زیر صدارت ہلال احمر ہسپتال سرگودھا کے بورڈز آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بورڈ کے نو منتخب ارکان کا تعارف کروایا گیا اور ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ ہسپتال کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔اجلاس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ہسپتالوں کے انتظامی امور، آپریشنل کارکردگی، ڈاکٹروں کی خدمات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ اجلاس میں سلانوالی روڈ پر واقع ہلال احمر ہسپتال کی خالی اراضی کو بہتر انداز میں استعمال میں لانے ، آمدن میں اضافے کے لیے مختلف کاروباری منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سلانوالی روڈ ہسپتال کی عمارت، گیٹ کی بحالی، تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی کاموں سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارہ ہے ، جسے عوامی خدمت کے اعلیٰ معیار پر پورا اترنا چاہیے ۔ انہوں نے ہسپتال کے لیے ہیومن ریسورس کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو تمام ہسپتالوں کا دورہ کرکے عملے کی دستیابی، کارکردگی اور ضروریات سے متعلق جامع رپورٹ پیش کرے گی۔