وزارت داخلہ کا خطرناک کیمیکلز کی کھلے عام فروخت پر سخت کارروائی کا حکم
سرگودھا، ملکوال، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ میں بعض ممنوعہ اور حساس نوعیت کے کیمیکلز، خصوصاً گندھک، مختلف دکانوں اور گوداموں میں بغیر کسی مؤثر نگرانی کے فروخت کیے جا رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزارت داخلہ پنجاب نے پابندی کے باوجود گندھک سمیت مختلف نوعیت کے خطرناک کیمیکلز کی کھلے عام فروخت اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرگودھا سمیت ملحقہ اضلاع میں ان کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ،حکومت کو بھجوائی گئی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سرگودھا، ملکوال، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اور گردونواح کے شہری و دیہی علاقوں میں بعض ممنوعہ اور حساس نوعیت کے کیمیکلز، خصوصاً گندھک، مختلف دکانوں اور گوداموں میں بغیر کسی مؤثر نگرانی کے فروخت کیے جا رہے ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر تخریب کاری یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے ،متعدد مقامات پر کیمیکلز کی خرید و فروخت کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، جبکہ بعض دکاندار خریداروں کا مکمل ریکارڈ رکھنے اور متعلقہ قوانین کی پابندی کرنے میں بھی ناکام ہیں۔ مشتبہ دکانوں، گوداموں اور سپلائی چین کی نگرانی بڑھائی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ،ذرائع کا کہنا کہ متعلقہ اداروں کو حساس کیمیکلز کی خرید و فروخت کا ریکارڈ چیک کرنے ، غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرنے اور لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے والوں کیخلاف فوری مقدمات درج کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی سرگرمی کا بروقت سدباب کیا جا سکے ۔