ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل
بارشی پانی کی بروقت نکاسی کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،شہر بھر کی تمام سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مکمل کر لی گئی باغ جناح میں 15 لاکھ گیلن رحمت العالمین پارک میں 10 لاکھ گیلن گنجائش کے جدید انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر ، ڈپٹی کمشنر کا خطاب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد چوہدری نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے شہر بھر کی تمام سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مکمل کر لی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران پانی کی روانی متاثر نہ ہو اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچا جا سکے ،انہوں نے بتایا کہ بارشی پانی کو محفوظ کرنے اور نکاسی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے باغ جناح میں 15 لاکھ گیلن جبکہ رحمت العالمین پارک میں 10 لاکھ گیلن گنجائش کے جدید انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک (تالاب) تعمیر کیے گئے ہیں، جن سے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی،بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کے لیے اضافی مشینری، عملہ اور متبادل بجلی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے ،انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر نہروں، دریاؤں اور حفاظتی پشتوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا ہے اور کمزور مقامات کی نشاندہی کے بعد ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں حسین احمد چوہدری نے مزید کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔