دریائی کٹاؤ سے پپلاں کے چار مواضعات کو شدید خطرات
دریائی کٹاؤ سے پپلاں کے چار مواضعات کو شدید خطراتحکومتی عدم توجہی اور انتظامی غفلت کے باعث نقصانات میں مسلسل اضافہ
کندیاں (نمائندہ دنیا)تحصیل پپلاں کے حلقہ پی پی-88 کے چار اہم مواضعات بھکڑا، شاہنواز والا، میلے والی اور ڈھنگانہ میں دریائی کٹاؤ کے باعث صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومتی عدم توجہی اور انتظامی غفلت کے باعث نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق دریائی کٹاؤ سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی اور متعدد رہائشی مکانات دریا برد ہو چکے ہیں، جبکہ اب بھی کٹاؤ کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے اب تک مؤثر عملی اقدامات نہیں کیے گئے ، جس کے باعث متاثرہ آبادیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ مواضعات میں ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی بند تعمیر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ دریائی کٹاؤ پر قابو پایا جا سکے اور مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ۔