اسلام پورہ سیوریج کا نظام درہم برہم، مکینوں کی احتجاج کی دھمکی

اسلام پورہ سیوریج کا نظام درہم برہم، مکینوں کی احتجاج کی دھمکی

اسلام پورہ سیوریج کا نظام درہم برہم، مکینوں کی احتجاج کی دھمکی گندا پانی کھڑا ہونے سے مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)واسا کے عملے کی مبینہ عدم توجہی کے باعث گنجان آباد علاقے اسلام پورہ میں سیوریج کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے ، جس کے نتیجے میں گلیوں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق جگہ جگہ گندا پانی کھڑا ہونے سے مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے ، جبکہ گلیوں میں پانی جمع رہنے کے باعث لوگوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے اور متعدد خاندان گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ حکام کو مسائل سے آگاہ کیا، تاہم صورتحال جوں کی توں ہے ۔ ان کے بقول صفائی کا عملہ کئی کئی روز تک علاقے کا رخ نہیں کرتا اور صرف رسمی حاضری لگا کر واپس چلا جاتا ہے ، جبکہ منتخب عوامی نمائندے بھی اس مسئلے کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہے ۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ گندے پانی کے باعث پیٹ اور جلدی امراض پھیل رہے ہیں، جس سے عوام کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام پورہ میں سیوریج کا نظام فوری طور پر بہتر بنایا جائے ، بصورت دیگر وہ احتجاج کرتے ہوئے بلدیہ دفتر کے گھیراؤ پر مجبور ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں