میانوالی:غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ مشینیں،آئل یونٹس تلف
میانوالی:غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ مشینیں،آئل یونٹس تلف ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی :سول ڈیفنس آفیسر
میانوالی (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور غیر محفوظ ایندھن کی منتقلی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے برآمد ہونے والی مشینری اور سامان تلف کر دیا۔سول ڈیفنس آفیسر شاہد پرویز کی نگرانی میں ضلع کچہری میں ہونے والی کارروائی کے دوران برآمد کی گئی 17 ایل پی جی ری فلنگ موٹرز، 2 آئل یونٹس اور مسافر گاڑیوں سے نکالے گئے 28 ایل پی جی سلنڈرز تلف کر دیے گئے ۔سول ڈیفنس آفیسر شاہد پرویز نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور ایندھن کی غیر محفوظ منتقلی کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔